علی گڑھ،31؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) اکیڈمک رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز یعنی شنگھائی رینکنگ 2020 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو ہندوستانی یونیورسٹیوں میں چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں اے ایم یو 801-900 کے بریکٹ میں شامل ہے جب کہ ہندوستانی اداروں میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، آئی آئی ٹی مدراس، آئی آئی ٹی دہلی اور آئی آئی ٹی کھڑگ پور کو شامل کرنے پر اے ایم یو آٹھویں مقام پر ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اے ایم یو کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کو اس حصولیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ یونیورسٹی کو اونچائیوں پر لے جانے کی ان کی مسلسل کاوشوں کا ثمرہ ہے۔ کووِڈ 19 کے چیلنج کے باوجود کامیابی کا سفر جاری ہے جس کے لئے اے ایم یو برادری مبارکباد کی مستحق ہے۔ اے ایم یورینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے کہاکہ شنگھائی رینکنگ 2020 نے اے ایم یو کو ملک کی متعدد نامور یونیورسٹیوں سے بہتر رینک عطا کیا ہے۔ صرف کلکتہ یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی اور جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ہی اے ایم یو سے اوپر ہیں جو اے ایم یو برادری کے لئے اطمینان بخش ہے۔